پاکستان کے دو صوبوں بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں آج زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق سب سے پہلے بلوچستان کے ضلع ژوب اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے، جہاں زلزلے کی شدت 4.9 میگنیٹیوڈ اور گہرائی 30 کلومیٹر بتائی گئی۔ زلزلے کا مرکز ژوب سے 70 کلومیٹر جنوب مشرق میں تھا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق ژوب میں زلزلے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔اس کے بعد خیبرپختونخوا کے علاقے سوات اور گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ سوات میں ریکارڈ کی گئی زلزلے کی شدت 5.0 میگنیٹیوڈ تھی۔
زلزلے کے باعث لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ سوات میں بھی اب تک کسی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ کے مطابق زلزلے کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہسپتالوں اور ایمرجنسی سروسز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔