محبت کی شادی تھی اس لئے سب برداشت کرتی رہی،مجھ پر جو ظلم ڈھائے گئے، انہیں لفظوں میں بیان کرنا انتہائی مشکل ہے
کراچی (شوبز ڈیسک) اداکارہ فریال گوہر نے معروف اداکار جمال شاہ کے ساتھ اپنی پہلی شادی کے حوالے سے انتہائی دردناک انکشافات کیے ہیں۔ دونوں کی یہ شادی 9سال تک رہی تھی جو بعد میں ختم ہو گئی تھی۔حال ہی میں ایک شو میں شرکت کے دوران فریال گوہر نے بتایا کہ جب ان کی شادی ہوئی تو ان کی عمر صرف 23 سال تھی اور یہ ان کی اپنی پسند کی شادی تھی۔ تاہم بعد میں وہ فریال پر ہاتھ اٹھاتے تھے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ سب اس لیے برداشت کیا کیونکہ یہ ان کی محبت کی شادی تھی اور واقعی محبت اندھی ہوتی ہے۔اداکارہ نے انکشاف کیا کہ شادی کے بعد ان پر جو ظلم ڈھائے گئے، انہیں لفظوں میں بیان کرنا انتہائی مشکل ہے۔انہوں نے بتایا کہ، مجھے چمڑے کے بیلٹوں سے مارا جاتا تھا اور تشدد کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ ان کے کئی بار حمل ضائع ہوئے۔ مار پیٹ کی وجہ سے میرے گردوں میں شدید درد رہتا تھا اور اس کے باعث آپریشنز بھی ہوئے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں گھر سے باہر نکلنے کی بالکل اجازت نہیں تھی۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہمارے معاشرے میں لڑکوں اور مردوں کی تربیت کرنے کی سخت ضرورت ہے تاکہ وہ عورت کی عزت کرنا سیکھیں۔