خاتون پر فائرنگ، حمل ضائع ہونے کے مقدمے میں 4ملزم پکڑے گئے

 ذاتی رنجش پر فائرنگ سے سات ماہ کا حمل ضائع ہو، ملزم سیالکوٹ سے گرفت میں آئے
لاہور (کرائم رپورٹر) چوہنگ کے علاقے میں 25 سالہ حاملہ خاتون سمیرا بی بی کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے کے مقدمے میں ایک خاتون سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے ذاتی رنجش کی بنا پر سمیرا بی بی پر فائرنگ کرکے اسے شدید زخمی کر دیا تھا، جس کے نتیجے میں اس کا سات ماہ کا حمل ضائع ہوگیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کی ہدایت پر ایس پی انویسٹی گیشن صدر کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی گئی۔ انچارج انویسٹی گیشن تھانہ چوہنگ شرافت علی نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو سیالکوٹ سے گرفتار کیا، جہاں وہ واردات کے بعد روپوش ہوگئے تھے۔ ایس پی انویسٹی گیشن صدر کے مطابق ملزمان کو پیشہ ورانہ مہارت اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے کہا کہ ملزمان کے خلاف مضبوط چالان مرتب کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔