نارووال میں پاک فوج اور سول انتظامیہ نے سیلاب سے شدید متاثرہ دربار صاحب کرتارپور میں بحالی کے کام کا آغاز کر دیا ہے۔
سیلاب کے دوران دربار کو پہنچنے والے نقصان کے فوری ازالے کے لیے پانی کی نکاسی اور صفائی کا عمل تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دورے کے دوران جلد مکمل بحالی کی یقین دہانی کروائی تھی۔ دربار کی انتظامیہ اور سکھ برادری نے پاک فوج اور سول انتظامیہ کی بروقت کارروائی کی تعریف کی۔
دیگر شہروں میں امدادی کارروائیاں:
سیالکوٹ میں سیلاب متاثرین کے لیے راشن تقسیم اور فری میڈیکل کیمپ منعقد کیے گئے، جہاں 108 مرد، 126 خواتین اور 98 بچوں کا مفت علاج کیا گیا۔نارووال اور ظفروال میں میڈیکل کیمپ میں 78 مرد، 108 خواتین اور 84 بچوں سمیت 270 مریضوں کا علاج اور ادویات فراہم کی گئیں۔وزیرآباد میں بھی بچوں اور خواتین سمیت 270 مریضوں کا مفت علاج کیا گیا۔پتوکی، بہرام، تاہلی والا اور رام گڑھ میں امدادی کیمپ قائم کیے گئے۔ مانگا منڈی کے قریب سیلابی پانی میں لاپتا 3 افراد کی بازیابی کے لیے ریسکیو آپریشن کیا گیا۔
پاک فوج نے مظفرگڑھ اور دوآبہ میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی مرتب کی، جس میں بریچنگ سائٹس اور دیگر حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ سول انتظامیہ کے ساتھ مشترکہ ریلیف ٹیموں کی تربیت اور ہنگامی انخلاء کے انتظامات بھی معائنہ کیے گئے۔پاک فوج اور سول انتظامیہ نے عوام کے تحفظ اور بروقت امداد کے لیے سیلاب جیسی قدرتی آفت میں بھرپور عزم کا اظہار کیا اور مشکل گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کا یقین دلایا۔