چین کے صدر شی جن پنگ نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور صدر شی جن پنگ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں خطے کی صورتحال، دوطرفہ تعلقات اور سی پیک منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔چینی صدر نے کہا کہ امید ہے پاکستان چینی عملے، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے مزید مؤثر اقدامات کرے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین اور پاکستان کی دوستی خطے میں امن و استحکام کی ضمانت ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے صدر شی جن پنگ کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین عظیم دوست ہیں جو ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ اور سی پیک منصوبہ صدر شی کی مثالی قیادت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام چین کے ساتھ تعلقات کو دل سے پسند کرتے ہیں۔