چینی صدر شی جن پنگ نے پاکستان کی ہر اقتصادی شعبے میں مدد جاری رکھنے کا اعلان کر دیا

چینی صدر شی جن پنگ نے پاکستان کی ہر اقتصادی شعبے میں مدد جاری رکھنے کا اعلان کر دیا

وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے بیجنگ میں عوامی جمہوریہ چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی، سیاسی اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے دوران صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین اقتصادی ترقی کے تمام شعبوں میں پاکستان کی مدد جاری رکھے گا، خاص طور پر جب کہ سی پیک (چین-پاکستان اقتصادی راہداری) اپنے دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور اس کے تحت پاکستان کے اہم اقتصادی شعبوں پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کے تحت سی پیک کے اپ گریڈ شدہ اگلے مرحلے، جس میں پانچ مزید راہداریوں کا اضافہ کیا گیا ہے، کی اہمیت کو سراہا اور کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ مل کر ان منصوبوں کو کامیابی سے نافذ کرے گا۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے تعلقات کی بے مثال نوعیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس شراکت داری سے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کو فروغ ملے گا۔

 وزیر اعظم نے صدر شی جن پنگ کو اگلے سال پاک-چین دوستی کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی۔اس موقع پر وزیر اعظم نے چین کی طرف سے پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے عالمی اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور خطے میں قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف کا دورہ چین خطے میں اقتصادی تعلقات کو مستحکم کرنے، سرمایہ کاری اور تجارتی روابط کو فروغ دینے اور پاکستان-چین کمیونٹی کو مزید مضبوط بنانے کے تناظر میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔