اسرائیلی آرمی چیف کی حماس کی قیادت کو نشانہ بنانے کی دھمکی

 حماس کی بیشتر اعلی قیادت بیرونِ ملک موجود ،ہم انہیں بھی ختم کریں گے
غزہ پر  یمن، لبنان اور شام میں کارروائیوں کے بعد مزید حملے کریں گے: ایال
تل ابیب (آئی این پی ) اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال زامیر نے دھمکی دی  ہے کہ اسرائیل حماس کے بیرونِ ملک موجود رہنمائوں کو بھی نشانہ بنائے گا۔ یہ بیان حوثیوں کے وزیراعظم اور القسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعبیدہ کو نشانہ بنانے کے بعد سامنے آیا ہے ۔ غیرملکی  میڈیا  رپورٹ کے مطابق  شمالی کمان میں ایک صورتحال جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے زامیر نے کہا کہ اسرائیلی فوج ہر محاذ پر حملہ آورانہ حکمتِ عملی اور عملی برتری کے ساتھ کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ابو عبیدہ پر حملہ یمن، لبنان اور شام میں اسرائیلی کارروائیوں کا تسلسل ہے اور یہ سلسلہ یہیں ختم نہیں ہوگا۔انہوں نے خبردار کیا کہ حماس کی بیشتر اعلی قیادت بیرونِ ملک موجود ہے اور ہم انہیں بھی پہنچ کر ختم کریں گے۔