جھنگ، چنیوٹ اور گردونواح کے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کے دستے مکمل متحرک
آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک معمولاتِ زندگی بحال نہیں ہو جاتے ،ترجمان
اوکاڑہ / ساہیوال / جھنگ / چنیوٹ (آن لائن) حالیہ شدید بارشوں اور دریاو ں میں طغیانی کے باعث پنجاب کے مختلف علاقوں میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال نے ہزاروں شہریوں کو متاثر کیا ہے۔ ان نازک حالات میں پاک فوج اور سول انتظامیہ نے فوری ریسکیو اور ریلیف آپریشن کا آغاز کر کے عوامی خدمت اور فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کر دی ہے۔ اٹاری، ہیڈ سلیمانکی، رینالہ خورد، جندراکہ، اوکاڑہ، ساہیوال، جھنگ، چنیوٹ اور گردونواح کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کے دستے مکمل متحرک ہیں۔ پاک فوج نے کشتیوں کے ذریعے ان علاقوں میں پھنسے بزرگ شہریوں، خواتین، بچوں اور درجنوں خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا، جبکہ متعدد مال مویشی بھی بچا کر محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے۔ سیلابی پانی کے باعث کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے، جس پر پاک فوج کے جوانوں نے دشوار گزار راستوں میں رسائی ممکن بناتے ہوئے متاثرین تک امداد پہنچائی۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں جہاں راشن، کپڑے، ادویات اور پینے کا صاف پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔