دریائے ستلج اور ہیڈ سلیمانکی کے نواحی علاقوں سے ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا
اوکاڑہ (آن لائن) پاک فوج ایک بار پھر قدرتی آفات میں عوام کی مدد کیلئے پیش پیش ہے۔ دریائے ستلج اور ہیڈ سلیمانکی کے سیلابی پانی سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج نے سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیاں تیز کر دی ہیں، جن کے تحت ریسکیو و ریلیف آپریشن جاری ہے۔ متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہزاروں افراد کو ان کے مال مویشیوں سمیت محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، جبکہ مزید لوگوں کی منتقلی کا عمل جاری ہے۔ پاک فوج اور سول انتظامیہ نے متعدد ریسکیو اینڈ ریلیف کیمپس قائم کیے ہیں جہاں متاثرین کو پناہ، خوراک اور ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ریلیف آپریشن میں نہ صرف زمینی راستوں سے رسائی ممکن بنائی گئی ہے بلکہ طبی ٹیمیں بھی متاثرہ علاقوں میں پہنچا دی گئی ہیں تاکہ فوری طبی امداد دی جا سکے۔آئی ایس پی آر کے مطابق، پاک فوج ہمیشہ کی طرح جذبہخدمت کے تحت سول انتظامیہ کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہے تاکہ سیلاب زدگان کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔عوامی حلقوں اور متاثرین نے پاک فوج کے اس بروقت اور مؤثر ردعمل کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے نازک لمحات میں فوج کا کردار امید کی کرن ثابت ہو رہا ہے۔