سعودی عرب اور قطر کی توانائی تنصیبات کے تحفظ کے لیے امریکا نے پیٹریاٹ بیٹریاں روانہ کردیں

سعودی عرب اور قطر کی توانائی تنصیبات کے تحفظ کے لیے امریکا نے پیٹریاٹ بیٹریاں روانہ کردیں

امریکا نے سعودی عرب اور قطر میں مزید دو پیٹریاٹ میزائل دفاعی بیٹریاں تعینات کردی ہیں، جن کا مقصد دونوں ممالک میں تیل اور گیس کی اہم تنصیبات کو ممکنہ حملوں سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایک پیٹریاٹ بیٹری سعودی عرب میں ایک اہم تیل تنصیب کے دفاع کے لیے جبکہ دوسری قطر میں ایک اہم گیس تنصیب کے تحفظ کے لیے تعینات کی گئی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد خلیجی اتحادیوں کو یہ یقین دہانی کرانا بھی ہے کہ واشنگٹن ممکنہ فوجی کشیدگی کی صورت میں ان کی اہم توانائی تنصیبات کے دفاع میں مدد فراہم کرے گا۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب اور قطر کو خدشہ ہے کہ اگر امریکا ایران کے خلاف دوبارہ بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی شروع کرتا ہے تو ممکنہ ایرانی جوابی کارروائی کے نتیجے میں خلیجی ممالک کی توانائی تنصیبات بھی نشانہ بن سکتی ہیں۔ اسی خدشے کے پیش نظر امریکا نے خطے میں فضائی دفاعی صلاحیت مزید مضبوط کی ہے۔

دوسری جانب حالیہ دنوں میں سعودی قیادت میں اتحاد نے یمن کے حوثیوں پر مدینہ منورہ میں مسجد نبویؐ کو بجلی فراہم کرنے والے ایک پاور ڈسٹری بیوشن اسٹیشن پر حملے کا الزام عائد کیا تھا۔ حوثیوں نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے اسے مسترد کیا ہے۔ سعودی اتحاد کے مطابق حملے میں ایک ٹرانسفارمر متاثر ہوا، تاہم مجموعی بجلی کی فراہمی متاثر نہیں ہوئی۔