عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت مستحکم، فی اونس 4,180 ڈالر کے قریب

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت مستحکم، فی اونس 4,180 ڈالر کے قریب

امریکی بانڈز کی ییلڈ میں کمی اور فیڈرل ریزرو حکام کے محتاط رویے کے باعث عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت معمولی اضافے کے بعد مستحکم رہی۔

بلومبرگ کے مطابق جمعے کو عالمی مارکیٹ میں سونا تقریباً 4,180 ڈالر فی اونس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا تھا، جو گزشتہ سیشن کے مقابلے میں تقریباً 0.5 فیصد زیادہ ہے۔ تاہم ہفتہ وار بنیاد پر سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر تقریباً 2 فیصد کمی متوقع ہے۔امریکی ٹریژری بانڈز کی مختلف مدتوں کی ییلڈ میں کمی کے باعث سونے کی قیمت کو کچھ سہارا ملا۔ ماہرین کے مطابق بلند بانڈ ییلڈز عموماً سونے پر دباؤ ڈالتی ہیں، کیونکہ سونا سرمایہ کاروں کو سود یا باقاعدہ منافع فراہم نہیں کرتا۔دوسری جانب فرانس کی مالی صورتحال سے متعلق خدشات اور مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث سرمایہ کاروں کی توجہ محفوظ سمجھے جانے والے اثاثوں پر مرکوز ہے، جس سے سونے کی طلب کو بھی کچھ سہارا ملا۔اب سرمایہ کار امریکی فیڈرل ریزرو کی آئندہ شرح سود پالیسی، بانڈ ییلڈز اور عالمی جغرافیائی کشیدگی سے متعلق پیش رفت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔