راولپنڈی: بھتیجے کو قتل کرنے والے ملزم نے پولیس پر فائرنگ، دو افراد جاں بحق، اہلکار زخمی

راولپنڈی: بھتیجے کو قتل کرنے والے ملزم نے پولیس پر فائرنگ، دو افراد جاں بحق، اہلکار زخمی

پیرو دہائی میں اپنے بھتیجے کو قتل کرنے والے ملزم اور اس کے ساتھی نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ملزمان کی نشاندہی کے لیے موقع پر گئے دو افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ انسپکٹر مرزا عارف اور کانسٹیبل نعمت اللہ شدید زخمی ہو گئے۔

 واقعہ کی اطلاع پر قریبی تھانوں سمیت پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوع کو سیل کر دیا گیا۔ زخمیوں اور جاں بحق افراد کی لاشیں اسپتال منتقل کر دی گئیں۔پولیس کے مطابق مدعیوں کے ہمراہ جائے وقوع کی نشاندہی کے لیے جانے والی پارٹی پر ملزمان نے گھر کی چھت سے اندھا دھند فائرنگ کی۔ موقع پر موجود سینئر پولیس افسران نے فوری کارروائی کی اور فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کیے، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کی اور ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج و معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔