ہتھیار ڈالنے کا تصور موجود نہیں، قوم آخری سانس تک دفاع میں ثابت قدم رہے گی
تہران(آئی این پی )ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران کبھی بھی بیرونی دبائو کے سامنے نہیں جھکے گا اور قوم آخری سانس تک اپنے ملک کے دفاع میں ثابت قدم رہے گی۔ صدر پزشکیان نے قومی فری اسٹائل اور گریکو-رومن ریسلنگ ٹیم کے ارکان، کوچز اور حکام سے خطاب کرتے ہوئے کہا لپ دنیا ہم پر دبائو ڈال رہی ہے کہ ہم ہتھیار ڈال دیں، لیکن ہمارے اندر ہتھیار ڈالنے کا تصور موجود نہیں۔ ہم ایران کیلئے اپنی زندگی کا آخری قطرہ تک قائم رہیں گے اور کبھی سر نہیں جھکائیں گے۔ انہوں نے ایران پر عائد پابندیوں اور اقتصادی حدود کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ قومی خود شناسی اور ملکی وسائل پر اعتماد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ کریں اور اپنے اہداف کے حصول میں عزم رکھیں، تو یقینی طور پر کامیاب ہوں گے۔