سکیورٹی سخت ، ایئرپورٹس پر بائیومیٹرک مشینیں نصب ہونگی

 وزارت داخلہ کی جانب سے ایف آئی اے کو فوری اقدامات کیلئے مراسلہ جاری 
 اشتہاری و مطلوب ملزموں کا اندرون اور بیرون ملک سفر کرنا ناممکن ہو جائے گا
لاہور (کرائم رپورٹر )حکومت نے بارڈر سکیورٹی کو مزید سخت کرتے ہوئے ملک بھر کے تمام ایئر پورٹس پر بائیو میٹرک مشینیں نصب کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ وزارت داخلہ کی جانب سے ایف آئی اے کو فوری اقدامات کرنے کیلئے مراسلہ بھی جاری کردیا گیاہے،وزارت داخلہ نے بین الاقوامی مسافروں کیلئے بائیو میٹرک تصدیق لازمی قرار دے دی ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق بائیو میٹرک تصدیق کے باعث اشتہاری و مطلوب ملزموں کا اندرون اور بیرون ملک سفر کرنا ناممکن ہوگا۔ بائیو میٹرک مشینیں ایئر پورٹس انٹرنیشنل امیگریشن کاوٓنٹرز پر لگائی جائیں گی جس سے مسافروں کی موثر جانچ پڑتال کو یقینی بنایا جائے گا، اس اقدام کا مقصد سکیورٹی کو مزید بہتر اور بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانا ہے۔