یکم نومبر سرزمین گلگت کی ڈوگروں سے آزادی اور پاکستان سے وفاداری کادن ہے، قائدملت جعفریہ
راولپنڈی /اسلام آباد (آئی این پی ) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے گلگت بلتستان کے 77ویں یوم آزادی کے موقع پر کہا کہ گلگت بلتستان ملک کا اہم اور حساس ترین خطہ ہے، وقت کی ضرورت ہے کہ اس خطے کو اب تمام آئینی حقوق دے کر صوبہ ڈیکلیئر کیا جائے۔یکم نومبر 1947ء سرزمین گلگت بلتستان کی ڈوگروں سے آزادی اور پاکستان سے وفاداری کادن ہے اور یہ دن گلگت بلتستان کے عوام کی بہادری، اتحاد اور آزادی کی علامت ہے۔ گلگت بلتستان کے بہادر رہنمائوں اور مقامی قبائل نے اس تحریک کو کامیاب بنایا اور اپنی سرزمین کو آزاد کروایا اس موقع پر ان تمام قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان خطے کی تمام سبسڈیز اور سہولیات برقرار رکھی جائیں اور خطہ کے عوام کے مسائل کو سنجیدگی سے لیا جائے اور ان کی امنگوں کے مطابق تمام فیصلے کیے جائیں، گلگت بلتستان جو ایک عرصہ سے سرزمین بے آئین ہے اسے قومی دھارے میں باقاعدہ شامل کیا جائے او ر اسے آئینی حقوق فراہم کرتے ہوئے پارلیمنٹ اور سینیٹ میں نمائندگی دی جائے ۔