جو گڑھا کسی کے کھودا جاتا ہے، ہم خود ہی اس میں گرتے ہیں: قومی اسمبلی میں اظہار خیال
اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے ملک میں ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) میں نام ڈالنے کے لیے ایک باقاعدہ طریقہ کار موجود ہے جب کہ پرووشنل نیشنل آئیڈینٹیفکیشن لسٹ (پی این آئی ایل) میں نام شامل کرنے کے لیے رولز بنائے جاچکے ہیں۔جمعہ کواسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت جاری قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے اراکین کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل)میں ہونے سے متعلق توجہ دلا ؤنوٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت قانون سازی کیلئے مکمل ذمہ داری سے کام کرتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ای سی ایل کا ایک باقاعدہ طریقہ کار موجود ہے، ای سی ایل قانون کے حوالے سے سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے فیصلے موجود ہیں۔وزیر قانون نے کہا کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکالنے کے لیے اس پر نظرثانی کی جاتی ہے، جائزہ لے کر بعض نام نکال دیے گئے، پورے دعوے سے یہ کہہ سکتا ہوں کہ نظرثانی کا معاملہ آئین اور قانون کے مطابق دیکھتے ہیں۔