پاکستان کی مسلح افواج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دینے کے عزم کے ساتھ جنگی مشقوں میں مصروف ہیں۔
ان مشقوں میں جدید اسلحے، حربی مہارتوں اور دفاعی تیاریوں کا بھرپور مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ان مشقوں کا مقصد دشمن کو واضح پیغام دینا ہے کہ پاکستان کی افواج ہر ممکن خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ مشقوں میں جدید میزائل، ڈرون، بکتر بند گاڑیوں اور دیگر ہتھیاروں کا استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل اور مؤثر دفاع کو یقینی بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ 29 اپریل کو پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کے دو کواڈ کوپٹرز مار گرائے تھے، جسے سیکیورٹی ماہرین نے دشمن کو واضح اور عملی پیغام قرار دیا تھا۔یاد رہے کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات کے باعث دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، جس کے تناظر میں یہ مشقیں نہایت اہمیت کی حامل ہیں۔