834 مقامات پر ڈرینج مسائل،50 کروڑ سے ٹریک پر موجود واٹر سسٹم، سینی ٹیشن کو ٹھیک کیا جائے گا
لاہور (خصوصی رپورٹ) صوبائی دارالحکومت میں اورنج لائن میٹرو ٹرین سنگین مسائل سے دوچار ہے۔ ٹریک کے نیچے سے گزرنے والا پانی ہو یا سٹیشنز کی ٹپکتی چھتیں،یہ سب حکومت کیلئے چیلنج بن چکا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو حکم دیا ہے کہ فوری طور پر انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں،اس لئے 2 برس سے رکے ہوئے فنڈز کا اجرا بھی کر دیا گیا ۔مرمت اور بحالی کیلئے 50 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ اس فنڈ سے ٹریک پر موجود واٹر سسٹم، سینی ٹیشن اور ڈرینج کے مسائل کو حل کیا جائے گا۔ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق اورنج ٹرین کے ٹریک اور سٹیشنز پر 834 مقامات پر ڈرینج مسائل ہیں۔742 مقامات پر واٹر لیکیج رپورٹ ہوئی جب کہ 24 جگہوں پر پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئیں۔ڈیرہ گجراں ڈپو میں 191 مقامات پر لیکیج اور 4 مقامات پر نکاسی کے مسائل پائے گئے ۔ سٹیشن ون پر 15 لیکیج اور 5 ڈرینج ،سٹیشن 2 پر 10 لیکیج اور 5 ڈرینج کے مسائل سامنے آئے ۔سب سے زیادہ متاثرہ سٹیشن نمبر 25 ہے، جہاں 49 مقامات پر لیکیج اور 3 مقامات پر نکاسی کا مسئلہ پایا گیا ۔ فوری مرمت نہ کی گئی تو یہ منصوبہ نہ صرف ناکامی کا شکار ہو گا بلکہ شہریوں کیلئے خطرہ بھی بن سکتا ہے۔