ڈسٹرکٹ جیل لاہور میں افتتاح ،قیدیوں کو ان کی بیرک کے اندر کتابیں اور شیلف مہیا ،ضابطہ اخلاق بھی جاری
لاہور( کرائم رپورٹر ) محکمہ داخلہ نے پنجاب بھر کی جیلوں میں ‘‘سمارٹ لائبریری’’پراجیکٹ کا آغاز کر دیا ۔ سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل نے ڈسٹرکٹ جیل لاہور میں سمارٹ لائبریری کا افتتاح کیا۔ پراجیکٹ کے تحت قیدیوں کو ان کی بیرک کے اندر کتابیں اور شیلف مہیا کئے گئے ہیں۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پنجاب کی تمام 44 جیلوں میں بیرکس کے اندر سمارٹ لائیبریریز قائم کی گئی ہیں۔ سیکرٹری داخلہ نے افتتاح پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا تعلیم دوست منصوبے کے تحت پنجاب بھر کی جیلوں میں 1 لاکھ کتابیں پہنچائی گئی ہیں جبکہ ہر ماہ ہر جیل میں 500 نئی کتابوں کا ٹارگٹ بھی دیا گیا ۔ قیدیوں کی تربیت اور اصلاح کیلئے کتب بینی کا سازگار ماحول فراہم کیا گیا ۔ ایک سال میں قیدیوں کی اصلاح و فلاح کیلئے متعدد اقدامات کئے گئے ،ماہانہ بنیادوں پر ہر بیرک کی کتابیں دوسری بیرک سے تبدیل کی جائیں گی تاکہ قیدیوں کو نئی کتب پڑھنے کا موقع ملے۔ تعلیم یافتہ قیدی 10 قیدیوں کو کتاب کا خلاصہ بیان کریں گے۔ تمام خواندہ قیدی دورانِ اسیری کم از کم ایک کتاب پڑھنے کے پابند ہونگے اور ہر جیل میں ماہانہ بنیادوں پر زیادہ کتابیں پڑھنے والے قیدی کو انعام دیا جائے گا۔