گرمی کازورٹوٹ گیا، بجلی کا نظام درہم برہم ،اسلام آباد میں عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے،میٹرو بسیں رک گئیں
لاہور،اسلام آباد(کرائم رپورٹر ،بیورو رپورٹ )لاہوراوراسلام آبادسمیت مختلف شہروں میں آندھی اور بارش سے گرمی کازورٹوٹ گیاجبکہ 3افراد جاں بحق ہو گئے ، بجلی کا نظام درہم برہم صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔جیل روڈ اور گلبرگ میں 2 ملی میٹر، لکشمی چوک میں 5، اپرمال میں 4 ، مغلپورہ میں 3 ، تاجپورہ میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔نشتر ٹاؤن میں 1، چوک ناخدا میں 4، پانی والا تالاب میں 5، فرخ آباد میں 2 ، علامہ اقبال ٹاؤن میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔جوہر ٹاؤن میں 1 اور قرطبہ چوک میں 2.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، شہر لاہور میں اوسطاً بارش 2.4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔جڑواں شہروں میں بادلوں کے چھا جانے سے دن میں ہی رات کا سماں ہوگیا ،شدید آندھی وطوفان سے چھتوں پر لگی سولر پلیٹیں ٹوٹ کر دور جاگریں جبکہ درجنوں درخت گرنے سے ٹریفک کانظام بھی معطل رہا، سائن بورڈز کو بھی نقضان پہنچا اور بینرز آندھی سے پھٹ کر اڑ گئے،متعدد علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہونے سے علاقے تاریکی میں ڈوب گئے، تھانہ سنبھل کی حدود میں زیرتعمیرمکان کی دوسری منزل پر شٹرنگ لگانے والے 4 مزدورشٹرنگ سمیت نیچے آگرے ،جس کے نتیجے میں 2 مزدورجاں بحق اور 2 شدید زخمی ہوگئے،جنہیں ریسکیو1122نے فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا ۔دوسری طرف نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک میں 5 مئی تک ممکنہ غیر متوقع موسمی صورتحال کیلئے ایڈوائزری جاری کر دی کہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، شمال مشرقی پنجاب اور شمالی مشرقی بلوچستان میں تیز ہوائوں اور آندھی کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ سندھ کے چند اضلاع میں بھی آندھی کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں۔دریں اثنا سرگودھا کے مختلف علاقوں میں تیز گرد آلود ہوائیں چلنے سے بجلی کا نظام درہم درہم ہوگیا۔بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 5 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔آزادکشمیر میں مظفرآباد، میرپور ،سماہنی، باغ اور کوٹلی سمیت مختلف شہروں میں کالی گھٹائیں چھانے کے بعد موسلادھار بارش ہوئی۔ایبٹ آباد میں بھی دن میں اندھیرا چھا گیا، بادل جم کر برسے۔ مانسہرہ، ہنگو اور بنوں سمیت خیبر پختونخوا کے دیگر شہروں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔ مختلف شہروں میں تیز ہواؤں اور بارش سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ موسم کی خرابی کے باعث فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا ہے اور 8 پروازوں کو متبادل لینڈنگ کرانا پڑا جب کہ 11 ملکی اور غیر ملکی پروازیں مقررہ وقت پر روانہ نہ ہوسکیں۔سندھ اور بلوچستان میں آج دن میں شدید گرمی رہی۔ سبی ، نوابشاہ ، لاڑکانہ اور سکھر میں درجہ حرارت 48 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ بہاولپور میں 46،ملتان میں 44 اورکراچی اور لاہور میں 39 ڈگری نوٹ کیا گیا۔علاوہ ازیں شہر میں تیز آندھی کے باعث کئی مقامات پر درخت گر گئے ہیں بتایا گیا ہے کہ ایم ایم عالم روڈ پر بل بورڈ بجلی کی تاروں پر جا گر ا،درخت گرنے کے باعث کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا بل بورڈ گرنے سے کئی علاقوں کی بجلی معطل ہو گئی تاحال کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔لاہور میں گرد آلود ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش 14 ملی میٹر ائیرپورٹ کے اطراف ریکارڈ کی گئی جیل روڈاور قرطبہ چوک کے اطراف 11-11 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،گلبرگ، لکشمی چوک، گلشنِ راوی کے علاقہ میں 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اپرمال، تاج پورہ، نشتر ٹاؤن، چوک ناکھودہ کے علاقہ میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، مغلپورہ، فرخندہ آباد، اقبال ٹاؤن کے علاقہ میں 3 ملی میٹر جبکہ پانی والا تالاب کے علاقہ میں 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی سب سے کم بارش جوہر ٹاؤن اور سمن آباد کے علاقہ میں 2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، شہر بھر میں بارش سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا ہیموسم خوش گوار ہوگیامحکمہ موسمیات کا شہر بھر میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش برسنے کا امکان ہے۔