ویب ڈیسک:گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے بھارت کی خفیہ ایجنسی ’را‘ کو دہشتگردی کے واقعات کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کے تمام تانے بانے ’را‘ سے جا ملتے ہیں۔
سیالکوٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دشمن کی کسی بھی سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اور ادارے قربانیوں سے نہیں گھبراتے، بلکہ ملک کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔گورنر سلیم حیدر نے کہا کہ بھارت دنیا کا سب سے بڑا دہشتگرد ملک ہے، جو اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے جعلی فالس فلیگ آپریشنز جیسی چالوں کا سہارا لے رہا ہے۔انہوں نے پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ ایک مرتبہ پھر فالس فلیگ آپریشن ثابت ہو چکا ہے، جس کا مقصد عالمی برادری کی توجہ اصل حقائق سے ہٹانا اور پاکستان کو بدنام کرنا تھا۔
واضح رہے کہ حال ہی میں ایک ویب سائٹ نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے مبینہ دستاویزات لیک کیے ہیں جن میں پہلگام حملے کی مکمل منصوبہ بندی شامل ہے۔ مذکورہ گروپ جس پر اس حملے کا الزام لگایا گیا، اس نے بھی اپنی ویب سائٹ پر انکشاف کیا ہے کہ یہ را کی کارروائی تھی۔گورنر پنجاب نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی دہشتگردانہ سرگرمیوں اور فالس فلیگ آپریشنز کا نوٹس لے اور خطے کے امن کو لاحق خطرات کا سنجیدگی سے جائزہ لے۔