امریکن ایئر لائنز کی برازیل کے شہر ساؤ پالو سے نیو یارک جانے والی پرواز میں اس وقت ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی جب ایک خاتون نے زبردستی کاک پٹ (جہاز کے پائلٹ کے کیبن) میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
یہ واقعہ 24 اپریل کو پیش آیا۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جیسے ہی خاتون نے کاک پٹ کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی، عملے نے فوری طور پر اسے روک دیا۔ مزاحمت کے دوران خاتون نیچے گر بھی گئی۔ اسی دوران ایک اور مرد مسافر بھی جہاز میں چیختا چلاتا نظر آیا، جو پرتگالی زبان بول رہا تھا۔ دونوں افراد کے رویے کو مشکوک سمجھتے ہوئے عملے نے فوری طور پر سیکیورٹی کو اطلاع دی۔
واقعے کے بعد دونوں مسافروں کو جہاز سے اتار دیا گیا اور سیکیورٹی اہلکاروں نے ان سے تفتیش کی۔ تاہم، سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد پرواز دوبارہ روانہ کردی گئی۔یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب حالیہ مہینوں میں امریکی مسافر طیاروں میں مسافروں کی جانب سے بدنظمی کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس پر ایئرلائنز اور ہوابازی حکام نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔