پاکستان کو حملے کا ذمہ دار ٹھہرانے کے بجائے کشیدگی کم کریں:امریکی وزیرخارجہ

امریکی وزیر خارجہ نے ٹیلیفونک رابطے میں  بھارتی وزیر خارجہ کے بے بنیاد الزامات پر کان نہیں دھرے
واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)پہلگام حملے کے تناظر میں بھارت کے وزیر خارجہ کے شنکر نے اپنے امریکی ہم منصب مارکو روبیو سے ٹیلی فونک گفتگو کی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اپنے بھارتی ہم منصب کو ہدایت کی ہے کہ ہر حال میں جنوبی ایشیا میں امن برقرار رکھا جائے۔بھارتی وزیر خارجہ سے گفتگو میں امریکی ہم منصب نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کے ساتھ مل کر کشیدگی کم کرنے کے لیے ضروری اقدامات فوری اْٹھائے جائیں۔ذرائع کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کی جانب سے حملہ کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرائے جانے کو مسترد کردیا۔امریکی وزیر خارجہ نے بے بنیاد الزامات پر کان نہیں دھرے اور الٹا بھارتی وزیر خارجہ کو کہا  پاکستان کے ساتھ مل کر کشیدگی میں کمی لائیں۔پہلگام حملے پر مودی سرکار کو اس محاذ پر بھی خفگی کا سامنا کرنا پڑا اور بھارتی وزیر خارجہ اپنا سا منہ لے کر رہ گئے۔