ٹم ڈیوڈ کو امپائر پر آئس بیگ پھینکنا مہنگا پڑ گیا، ایک میچ کی پابندی

ٹم ڈیوڈ کو امپائر پر آئس بیگ پھینکنا مہنگا پڑ گیا، ایک میچ کی پابندی

آئی پی ایل میں آر سی بی کے بیٹر ٹم ڈیوڈ کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر آئندہ سیزن کے پہلے میچ کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹم ڈیوڈ کو یہ سزا آئی پی ایل 2026 کے فائنل میں گجرات ٹائیٹنز کے خلاف میچ کے دوران پیش آنے والے واقعے پر دی گئی، جب انہوں نے امپائر نتن مینن کی جانب مبینہ طور پر جارحانہ انداز میں آئس بیگ پھینکا۔رپورٹس کے مطابق یہ ٹم ڈیوڈ کا اس سیزن کا تیسرا لیول 1 جرم تھا، جس کے نتیجے میں انہیں میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔ ساتھ ہی انہیں دو ڈی میرٹ پوائنٹس ملے، جس کے بعد گزشتہ 36 ماہ میں ان کے مجموعی ڈی میرٹ پوائنٹس پانچ ہو گئے، اور اسی بنیاد پر ایک میچ کی پابندی عائد کی گئی۔یہ واقعہ گجرات ٹائیٹنز کی اننگز کے دسویں اوور میں پیش آیا، جب واشنگٹن سندر کی گیند پر جورڈن کاکس کے کیچ کو تھرڈ امپائر نے ناٹ آؤٹ قرار دیا۔

 اس فیصلے کے بعد میدان میں صورتحال جذباتی ہو گئی۔آئی پی ایل کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.9 کے تحت کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے امپائر یا دیگر افراد کی طرف خطرناک یا نامناسب انداز میں گیند یا سامان پھینکنا سنگین خلاف ورزی تصور کی جاتی ہے۔واضح رہے کہ ٹم ڈیوڈ پہلے بھی اسی سیزن میں دو بار ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو چکے ہیں، جس کے بعد ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔