اسرائیلی حملوں میں شدت، لبنان میں ڈاکٹر اور دو بچے شہید

اسرائیلی حملوں میں شدت، لبنان میں ڈاکٹر اور دو بچے شہید

اسرائیل کی جانب سے جنوبی لبنان میں فضائی اور زمینی حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس کے نتیجے میں متعدد علاقوں میں شدید تباہی اور جانی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

مقامی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فورسز نے نبطیہ کے قریب توپ خانے سے گولہ باری کی، جبکہ شقین اور کفر طیبنیت کے دیہات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ اسی علاقے میں اسرائیلی ڈرونز کے ذریعے تین علیحدہ حملوں کی بھی اطلاعات ہیں، جبکہ تبنین کے قریب فضائی حملہ بھی رپورٹ ہوا ہے۔ایک الگ واقعے میں نبطیہ-خردالی روڈ پر ڈرون حملے کے دوران ایک دانتوں کے ڈاکٹر کو ان کے دو بچوں سمیت نشانہ بنایا گیا۔ نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق یہ خاندان صیدا سے اپنے گھر واپس جا رہا تھا جب ان کی گاڑی پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ڈاکٹر اور ان کے دو بچے (ایک بیٹا اور ایک بیٹی) شہید ہو گئے۔

لبنانی حکام کے مطابق جنوبی لبنان میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہے اور ریسکیو و امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق مارچ سے اب تک جاری کشیدگی میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 3,433 افراد شہید اور 10,395 زخمی ہو چکے ہیں، جو خطے میں انسانی بحران کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔