پاکپتن:زمیندار نے لڑکی، شوہر نے بیوی قتل کردی

ملزم صفت نے لاش کو کھیتوں میں دبادیا، تفتیش پر برآمد کرلی گئی
پاکپتن،عارفوالا(خصوصی رپورٹ)پاکپتن میں زمیندار نے کھیتوں میں مزدوری کے بہانے بلا کر نوجوان لڑکی کواغوا کے بعد قتل کرکے لاش اسی زمین میں دفن کر دی۔پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کیلاش برآمد کرلی۔دوسرے واقعہ میں شوہر نے بیوی کو جان سے مارڈالا۔ اڈا ترکھنی کے قریب چک 83ای بی میں زمیندار صفت حسن نے لڑکی (ث) کو کھیتوں میں کام کے بہانے بلایا اور موت کیگھاٹ اتار کر لاش کو کھیت میں دفن کر دیا۔ تھانہ صدر پولیس نے لڑکی کے اغواء کا مقدمہ بھی درج کر رکھا تھا۔ اڈا ترکھنی کے قریب ملزم نے ٹھیکہ پہ رقبہ حاصل کر رکھا تھا اور اپنے گاؤں سے کبھی کبھار خواتین کو مزدوری کیلئے لایا کرتا تھا۔ پولیس نے اغوا کے مقدمہ میں نامزد زمیندار صفت حسن کو گرفتار کر کے تفتیش کی تو ملزم نے جرم کا اعتراف کر لیا۔پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر لاش برآمد کر کے ہسپتال منتقل کر دی۔ ادھر پاکپتن کے علاقہ چک بیدی 5 مرلہ سکیم میں رات گئے میاں بیوی میں جھگڑا ہوا جس پر ملزم شوہر شوکت نے 39 سالہ بیوی شازیہ کو جان سے مار ڈالا۔ اور موقع سے فرار ہوگیا۔ مقتولہ شازیہ پانچ بچوں کی ماں تھی۔ پولیس نے تفتیش کا آغاز کردیا۔