آزاد کشمیر کے انتخابات میں مہاجرین کی نشستوں سے متعلق حتمی فیصلہ سیاسی اتفاقِ رائے اور آئینی تقاضوں کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا:وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ

معاشی ترقی کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے شہبازشریف
مسلسل محنت سے معیشت کو استحکام ملا‘ صنعتی ترقی اور پیداوار بڑھانے کے لئے  بجٹ میں مزید اقدامات کریں گے ‘ ایف بی آر کو 15 جون تک ٹیکس ریفنڈ کے تمام زیر التوا ء کیسوںکو نمٹانے کی ہدایت کی ہے
چین کے ساتھ   تعاون کے فروغ سے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، مفاہمتی یادداشتوں  کو جلد باقاعدہ معاہدوں اور مشترکہ منصوبوں میں تبدیل کیا جائے:اجلاس میں گفتگو
 اسلام آباد(آن لائن‘آئی این پی )وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے  مسلسل محنت سے معیشت کو استحکام ملا،  تیز تر معاشی ترقی کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے، صنعتی ترقی اور پیداوار بڑھانے کے لیے آئندہ بجٹ میں مزید اقدامات اٹھائینگے اور ایف بی آر کو 15 جون تک ٹیکس ریفنڈ کے تمام زیر التوا کیسز نمٹانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملک بھر کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی اعلی قیادت کے وفد کی ملاقات ہوئی۔ وفد نے وزیراعظم کو  آئندہ بجٹ اور  ملک کی  مجموعی معاشی ترقی کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔وزیراعظم نے کہا کہ مسلسل محنت سے معیشت کو استحکام ملا،  تیز تر معاشی ترقی کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے، صنعتی ترقی اور پیداوار بڑھانے کے لیے آئندہ بجٹ میں  مزید اقدامات اٹھائینگے۔ وزیراعظم نے ایف بی آر کو 15 جون تک ٹیکس ریفنڈ کے تمام زیر التوا کیسز نمٹانے کی ہدایت کی اور کہا کہ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی ہمارا مشن ہے اور اجتماعی کاوشوں سے اس مشن کی تکمیل یقینی بنائیں گے،پالیسی ریٹ میں حالیہ اضافے کے باوجود ایکسپورٹ ری فائنانس سکیم کی شرح جون 2027 تک 4.5 فیصد پر برقرار رہے گی، برآمد کنندگان کی سہولت کیلئے بینکوں کا یہ فیصلہ قابلِ تحسین ہے۔ دریں اثناء شہباز شریف کی زیرصدارت آزاد کشمیر میں انتخابات کے انعقاد اور مہاجرین کی نشستوں بارے اعلی سطح اجلاس ہوا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مہاجرین نشستوں سے متعلق حتمی فیصلہ سیاسی اتفاقِ رائے اور آئینی تقاضوں کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔اجلاس کی صدارت  وزیراعظم شہبازشریف نے کی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی مذاکراتی ٹیم نے وزیراعظم کو جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی،وزیراعظم کو جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات اور ان پر عملدرآمد کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 12 مہاجر نشستوں سے متعلق آئینی و قانونی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مہاجرین نشستوں کے مستقبل کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔مہاجرین نشستوں سے متعلق تمام سیاسی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت پر اتفاق کیاگیا ۔علاوہ ازیںشہباز شریف کی زیر صدارت ان کے حالیہ دورہ چین کے دوران منعقدہ پاکستان چین بزنس ٹو بزنس کانفرنس کے دوران ہوئے فیصلوں کی پیش رفت پر جائزہ اجلاس ہوا۔  وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے نجی شعبے کے درمیان کاروباری روابط میں غیر معمولی اضافہ دونوں ممالک کی اقتصادی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے، چین کے ساتھ صنعتی، زرعی اور تکنیکی تعاون کے فروغ سے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔وزیراعظم نے ہدایت دی کہ ہانگژو B2B کانفرنس میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) کو جلد باقاعدہ معاہدوں اور مشترکہ منصوبوں (Joint Ventures) میں تبدیل کیا جائے، وزیراعظم نے B2B کانفرنس سے متعلق پیش رفت کے ماہانہ جائزہ اجلاس کی خود صدارت کا فیصلہ بھی کیا۔وزیراعظم کی ہدایت دی کہ چین کی اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز اور پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل (PARC) کے درمیان تعاون کو عملی جامہ پہنایا جائے