عیدالاضحی پر سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کا حکم

 انتظامات مکمل کر لئے،عید تعطیلات پر پارکس، تفریحی مقامات کی سکیورٹی کیلئے نفری تعینات کی جائے: آئی جی
لاہور(کرائم رپورٹر) عید الاضحی کے سلسلے میں پنجاب پولیس نے سکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے، سکیورٹی کیلئے ہزاروں اہلکار فرائض انجام دیں گے۔تفصیل کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے عیدالاضحی پر سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کا حکم دیدیا ہے، عید کے موقع پر مساجد، امام بارگاہوں، عید اجتماعات کیلئے تیاری مکمل کرلی گئی۔ آئی جی پنجاب کا کہنا تھا موجودہ صورتحال کے پیش نظر پنجاب بھر میں سکیورٹی بڑھا دی جائے گی، عید تعطیلات پر پارکس، تفریحی مقامات کی سکیورٹی کیلئے نفری تعینات کی جائے، ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، پتنگ بازی، ہلڑ بازی برداشت نہیں کی جائیگی۔ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا عید الاضحی پر ٹریفک روانی کیلئے متعلقہ پوائنٹس پر اضافی نفری تعینات کی جائے، مری میں گاڑیوں کے داخلے، اخراج کیلئے ایس او پیز پر عمل در آمد کیا جائے۔پنجاب پولیس کے مطابق پنجاب میں سکیورٹی کیلئے 43 ہزار سے زائد افسر و اہلکار فرائض انجام دینگے، 445 کوئیک رسپانس فورس ٹیمیں بھی تعینات ہونگی، 11912 میٹل ڈی کٹیٹرز، 225 واک تھرو گیٹس، 10466کیمرے استعمال ہونگے۔ترجمان کے مطابق لاہور میں 5 ہزار سے زائد نماز عید اجتماعات کیلئے 8 ہزار سے زائد اہلکاراور افسر تعینات ہونگے۔