لاہورمیں عیدالاضحی کی آمد کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی

  مشکوک سرگرمی یا جرائم پیشہ عناصر کی فوری اطلاع دیں :ایس پی ڈولفن بلال احمد کی  اپیل 
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہورمیں عیدالاضحیٰ کی آمد کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر ڈولفن سکواڈ نے شہر بھر میں پٹرولنگ، چیکنگ اورنگرانی کے عمل کو مزید مؤثر بنا دیا ہیترجمان ڈولفن کے مطابق شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے مویشی منڈیوں، بازاروں اور اہم شاہراہوں پر خصوصی نگرانی جاری ہے، جبکہ جرائم پیشہ عناصر، اشتہاریوں اور مشکوک افراد کے خلاف کریک ڈاؤن میں بھی تیزی لائی گئی ہے۔ایس پی ڈولفن بلال احمد نے بتایا کہ گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران مختلف کارروائیوں میں 19 اشتہاریوں سمیت 127 مطلوب ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے علاوہ 73 ریکارڈ یافتگان اور 29 عادی مجرمان کو بھی حراست میں لیا گیا مختلف زیرِ سماعت مقدمات میں مطلوب 6 عدالتی مفروران کو گرفتار کرکے متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ترجمان ڈولفن کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ایس پی ڈولفن بلال احمد نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا جرائم پیشہ عناصر کی فوری اطلاع ہیلپ لائن 15 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔