ملک بھر میں شدید گرمی کا راج، لاہور میں درجہ حرارت اور فضائی آلودگی میں اضافہ

ملک بھر میں شدید گرمی کا راج، لاہور میں درجہ حرارت اور فضائی آلودگی میں اضافہ

لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں موسم گرم اور خشک ہوگیا ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا۔

 لاہور میں آج صبح سے ہی سورج نے آگ برسانا شروع کر دی، شہر میں ہوائیں تھم گئیں اور گرمی کے احساس میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا۔

لاہور کی صورتحال:
محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے وقت شہر کا درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو دن بھر میں بڑھ کر 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ شہریوں کو شدید گرمی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ماہرین نے پیشگوئی کی ہے کہ کل لاہور میں بادل چھائے رہیں گے جبکہ چند علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے، جو موسم کو عارضی طور پر خوشگوار بنا سکتی ہے۔

فضائی آلودگی:
لاہور اس وقت فضائی آلودگی کے اعتبار سے ملک میں سرفہرست ہے۔ شہر کی مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 111 ریکارڈ کی گئی ہے، جو ’مضر صحت‘ کیٹیگری میں آتی ہے۔ شہریوں کو باہر نکلتے وقت ماسک پہننے اور غیر ضروری سرگرمیوں سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دیگر علاقوں کا موسم:
بالاکوٹ، ناران، کاغان: ان علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔مری، گلیات، راولپنڈی: ان علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔گلگت بلتستان، کشمیر: چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
میدانی علاقے:
پنجاب، سندھ، بلوچستان: ان علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار ہے۔ سندھ اور بلوچستان شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔
اسلام آباد اور گردونواح: موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا: بیشتر اضلاع میں دن کے اوقات میں موسم شدید گرم جبکہ شام یا رات کے وقت کوہستان، بٹگرام، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ماہرین کی تجاویز:
ماہرین موسمیات اور صحت کے ماہرین نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ گرمی کی شدت سے بچنے کے لیے پانی کا زیادہ استعمال کریں، دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور بزرگ و بچے خاص طور پر احتیاطی تدابیر اپنائیں۔