واقعہ سنگل ٹریک پرپیش آیا،ٹرین کلیموف سے ماسکو جارہی تھی ،کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا
ماسکو (آئی این پی ) روس کے علاقے بریانسک میں پل ٹرین پر جاگرا جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور متعددزخمی ہوگئے۔ ماسکو ریلویز کے مطابق واقعہ سنگل ٹریک پر پیش آیا جس میں مسافرٹرین نمبر 86 متاثر ہوئی، ٹرین کلیموف سے ماسکو جارہی تھی۔رپورٹ کے مطابق بریانسک میں پیش آئے حادثے میں اب تک ڈرائیور سمیت 7 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ آپریشنز کے دوران یہ واقعہ غیر قانونی مداخلت کے سبب پیش آیاجس میں کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔حکام کے مطابق واقعے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ واقعے کی تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں۔