فضائی حملے میں زخمی ڈاکٹر حمدی النجار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے،سعودی وزیر خارجہ غزہ کے معاملے پر اجلاس کے لیے اردن پہنچ گئے
غزہ(آئی این پی ) اسرائیلی افواج نے جنوبی غزہ میں ایک امریکی حمایت یافتہ امدادی مرکز پر جمع فلسطینیوں پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 31افراد شہید اور 120زخمی ہو گئے،دوسری جانب یمن کی فوج نے اسرائیل میں کام کرنے والے غیرملکی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کو اسرائیل چھوڑنے کیلئے الٹی میٹم دے دیا۔ غزہ میں حکومت کے میڈیا دفتر نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ اسرائیل نے رفح میں ایک امریکی حمایت یافتہ امدادی مرکز پر حملہ کرکے کم از کم 22 افراد کو شہید اور 115کو زخمی کر دیا ہے۔ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ شہداء کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسے امدادی مقامات پر پچھلے ایک ہفتے کے دوران شہدا ء کی تعداد کم از کم 39 ہو گئی ہے، جب کہ زخمیوں کی تعداد 220 سے تجاوز کر گئی ہے۔غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق، اسرائیل کی غزہ پر جاری جنگ کے دوران اب تک کم از کم 54 ہزار 381 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 24 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، ہزاروں افراد جو ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ اس دوران اسرائیلی فضائی حملے میں زخمی ہونے والے ڈاکٹر حمدی النجار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے ۔النجار کئی دنوں تک انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیرِ علاج رہے۔