کنہار: دریائے کنہار میں ایک گاڑی کے دریا میں ڈوب جانے کے واقعے میں کے ڈی اے (کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی) کے ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گاڑی میں سوار چار افراد کو بحفاظت نکال لیا۔
کے ڈی اے حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو بوٹ کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا، جہاں امدادی ٹیم نے پیشہ ورانہ انداز میں کارروائی کرتے ہوئے گاڑی میں پھنسے چاروں افراد کو محفوظ طریقے سے دریا سے باہر منتقل کیا۔حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کو ابتدائی طبی معائنے کے بعد محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا، جبکہ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان پیش نہیں آیا۔ریسکیو آپریشن کے دوسرے مرحلے میں خصوصی آلات اور امدادی ٹیموں کی مدد سے دریا میں ڈوبنے والی گاڑی کو بھی کامیابی کے ساتھ پانی سے باہر نکال لیا گیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق گاڑی دریا میں گرنے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے، جبکہ متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام نے سیاحوں اور ڈرائیوروں کو ہدایت کی ہے کہ پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور دریا کے کنارے گاڑی چلاتے وقت غیر ضروری خطرہ مول لینے سے گریز کریں۔