فیفاورلڈکپ، میکسیکو نے ایکواڈور کو شکست دیکر 40سال بعد کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

 فرانس ایمباپے کے شاندار گولز کی بدولت سویڈن کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا، ناروے نے آئیوری کوسٹ کو شکست دیدی 
میکسیکوسٹی،نیویارک(سپورٹس ڈیسک )فیفافٹ بال ورلڈکپ کے رائو نڈ آف32 میں جاری دلچسپ مقابلوں میں میکسیکو نے ایکواڈور کو شکست دے دی اور 40سالہ بعد کوارٹر فائنل میںجگہ بنالی، فرانس نے ایمباپے کے شاندار گولز کی بدولت سویڈن کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا جبکہ ناروے نے بھی آئیوری کوسٹ کو 1-2 سے شکست دیکر پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔تفصیل کے مطابق میکسیکو اور ایکواڈو کے مابین کھیلے گئے میچ میں میکسیکو کی جانب سے کوئی نوننس نے پہلا اور ہیمی نینس نے دوسرا گول کیا جب کہ میکسیکو نے ایکواڈور کو 0-2 سے ہرایا۔ اس طرح میکسیکو نے 40 برس بعد پری کوارٹر فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ اس سے قبل نیویارک میں کھیلے گئے میچ میں فرانس نے سویڈن کو 0-3 سے ہرایا۔ فرانس کی جانب سے 2گول ایمباپے نے اسکور کیے جبکہ ایک گول بارکولا نے کیا۔میچ میں فرانس کی ٹیم سویڈن پر ابتدائی منٹ سے ہی حاوی رہی، صرف آدھے گھنٹے کے کھیل میں ہی فرانس نے حریف ٹیم پر اتنے حملے کیے کہ اگر وہ سب گول میں تبدیل ہوجاتے تو فرانس کے کیے گئے گولز کی تعدا د 3 سے کہیں زیادہ ہوتی۔فرانس کے کھلاڑیوں کو اپنی کوششوں کا صلہ پہلے ہاف میں ہی مل گیا جب اسٹار کھلاڑی ایمباپے نے 45ویں منٹ میں گیند سویڈن کے جال میں پہنچائی۔وقفے پر اسکور 0-1 سے فرانس کے حق میں تھا۔دوسرے ہاف میں بھی فرانس کے تابڑ توڑ حملے جاری رہے، بارکولا نے 53ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کی برتری دگنی کردی۔ایمباپے نے 74ویں منٹ میں اپنا دوسرا اور ٹیم کیلئے تیسرا گول اسکور کردیا اور یوں 0-3 کی جیت کے ساتھ فرانس نے پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا جہاں اس کا مقابلہ پیراگوئے سے ہوگا۔ ایک اور ناک آئو ٹ میچ میں ناروے نے آئیوری کوسٹ کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ایرلنگ ہالینڈ کے آخری لمحات میں کیے گئے فیصلہ کن گول کی بدولت ناروے نے آئیوری کوسٹ کو 1-2 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2026 کے رائونڈ آف 16 میں جگہ بنا لی۔میچ کے 39ویں منٹ میں انتونیو نوسا نے ناروے کو برتری دلائی، تاہم 74ویں منٹ میں اماد دیالو نے متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں آ کر گول داغ کر اسکور برابر کر دیا۔فیصلہ کن لمحہ 86ویں منٹ میں آیا جب ایرلنگ ہالینڈ نے گول کر کے ناروے کو دوبارہ برتری دلائی۔یہ ہالینڈ کا ٹورنامنٹ میں پانچواں گول تھا۔ کھیل ناروے کی 1-2 کی برتری پر ختم ہوا جس کے ساتھ ہی ناروے نے اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کر لیا۔