پی آئی ٹی بی :سرکاری خدمات کے حصول میں نمایاں اضافہ

 7لاکھ 40 ہزار سے زائد آن لائن درخواستیں موصول :چیئرمین فیصل یوسف 
لاہور(خصوصی رپورٹ)پی آئی ٹی بی کے حکومت پنجاب کیلئے وضع کردہ مریم کی دستک منصوبے کے ذریعے سرکاری خدمات کے حصول میں نمایاں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔ شہریوں کی جانب سے سروس کے حصول کیلئے اب تک 7 لاکھ 40 ہزار سے زائد آن لائن درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ یہ بات ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ موصول ہونے والی درخواستوں میں سے 5 لاکھ 90 ہزار سے زائد درخواستیں پایہ تکمیل کو پہنچ چکی ہیں جبکہ ایک لاکھ سے زائد درخواستیں جلد نمٹا دی جائیں گی۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ شہریوں کو خدمات کے حصول میں مدد فراہم کرنے کیلئے اب تک ہزاروں نوجوان بطور دستک فسیلیٹیٹر رجسٹر ہو چکے ہیں۔ اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے ذریعے پنجاب بھر میں عوام کو 70 سے زائد خدمات کی فراہمی گھر کی دہلیز پر کی جا رہی ہے اور اب شہریوں کو ڈومیسائل، برتھ سرٹیفکیٹ، ایف آئی آر کی کاپی، فرد برائے ریکارڈ، رجسٹری کی کاپی سمیت دیگر خدمات کے حصول کیلئے سرکاری دفاتر جانے کی ضرورت نہیں ہے۔