گلگت جانیوالی سیاحوں کی گاڑی لاپتا:پولیس نے تلاش شروع کردی

گاڑی میں خاتون سمیت چار افرا د سوار،تعلق پشاورسے، آخری رابطہ اتوار کو دن گیارہ بجے ہواتھا
گلگت(آئی این پی )سکردو سے گلگت جانے والی سیاحوں کی گاڑی گذشتہ روز سے لاپتا ہے، گاڑی میں 4افراد سوار ہیں جبکہ پولیس نے تلاش شروع کردی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سکردو سے گلگت جانے والے سیاحوں سے گذشتہ صبح سے رابطہ منقطع ہے۔ لاپتا افراد میں عثمان، نوراحمد، عثمان اور معراج بی بی شامل ہیں جبکہ لاپتا گاڑی میں سوار تمام افراد کا تعلق پشاور سے ہے۔ ذرائع کے مطابق گاڑی سے آخری رابطہ اتوار کے روز دن 11بجے ہوا تھا، جس کے بعد ان کا فون بند ہو گیا اور اہل خانہ اور متعلقہ حکام سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ پولیس نے سیاحوں کی گمشدگی کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر گاڑی کی تلاش شروع کر دی، علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ متعلقہ ادارے بھی سیاحوں کی بازیابی کے لیے متحرک ہیں۔ حکام نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو گاڑی یا لاپتا افراد کے حوالے سے کوئی اطلاع ہو تو فوری طور پر قریبی پولیس سٹیشن سے رابطہ کریں۔