مستونگ :فتنہ الہندوستان کا دفتر، بینکوں پر حملہ، نوجوان جاں بحق‘8افراد زخمی

دہشت گردوں نے تحصیل دفتر کی تین گاڑیاں اور اہم ریکارڈ جلا دیا،  بینک ریکارڈ اور نقدی  لوٹ لی،  شہر بھر میں شدید فائرنگ کی
کوئٹہ(آئی این پی )مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے تحصیل دفتر اور بینکوں پر حملہ کر دیا، فائرنگ اور دھماکے میں ایک لڑکا شہید جبکہ 8 افراد زخمی ہو گئے، فورسز کی کارروائی میں 2 دہشت گر د ہلاک اور  تین زخمی   ہو گئے ۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق   مستونگ میں دہشت گردوں نے تحصیل دفتر کی تین گاڑیاں اور اہم ریکارڈ جلا دیا، مسلح افراد نے بینک ریکارڈ اور نقدی بھی لوٹ لی، مسلح افراد نے شہر بھر میں شدید فائرنگ کی جس سے ایک سولہ سالہ لڑکا جاں بحق اور آٹھ افراد زخمی ہو گئے جنہیں غوث بخش رئیسانی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے بتایا ہے کہ واقعہ کے فورا بعد ایف سی، سی ٹی ڈی اور لیویز نے علاقے کا محاصرہ کر لیا، سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا، شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔شاہد رند نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے جبکہ تین زخمی ہوئے ہیں، علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی جاری ہے۔