’معاف کرنا میں نشے میں تھا‘ چور نے سٹور کی ساری چیزیں واپس کردیں

امریکا(نیٹ نیو) چور نے معافی نامہ لکھا کہ ’میں نشے میں تھا‘ اور گٹار اسٹور سے چوری کی گئی تمام اشیا واپس کر دیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست نیوجرسی میں چور نے دو چوری شدہ مینڈولین (چھوٹے، لیوٹ نما آلات) کو اسٹور میں واپس کردیا جس کو اس نے پہلے لوٹ لیا تھا۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ چور معافی نامہ کے ساتھ دوبارہ نمودار ہوا اور آلات واپس کرنے سے پہلے وجہ بتائی کہ وہ نشے میں تھا۔لارک اسٹریٹ میوزک کے مالک بزی لیوائن نے معافی نامہ کے ساتھ چور سے متعلق اپ ڈیٹ دی۔اسٹور کے فیس بک پیج پر لیون نے کہا کہ ’سامان مل گیا ہے، دونوں مینڈولین کی چوری کا کلپ وائرل کرنے کے لیے آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ایک گھنٹہ پہلے چور نے چپکے سے سامنے کا دروازہ کھولا اور دو شاپنگ بیگز میں سارا سامان واپس کردیا۔انہوں نے بتایا کہ میں دروازے کی طرف بھاگا اور اسے سڑک پر بھاگتے ہوئے دیکھا تو لوگوں کو بلایا اور اس کا پیچھا کیا لیکن وہ بھاگ چکا تھا پھر 911پر فون کیا اور پولیس اس کے تعاقب میں ہے۔لیوائن نے آلات کی تصاویر کے ساتھ ہاتھ سے لکھا ہوا نوٹ بھی شیئر کیا جس میں لکھا تھا، معذرت میں نشے میں تھا، میری کرسمس، تم اچھے آدمی ہو۔‘اسٹور کے مالک کا کہنا ہے کہ چور کی جانب سے قیمتی سامان واپس کرنے کے بعد ایسا لگا کہ جیسے کوئی فلم کا سین ہو۔چوری کیے گئے آلات کی قیمت 3.1 لاکھ روپے یعنی 3500 ڈالر اور 3.8 لاکھ روپے 4250 ڈالر تھی۔