آئین کے مطابق گورنر راج زیادہ سے زیادہ 6 ماہ تک رہ سکتا ہے، معاملہ وفاقی آئینی عدالت میں لے بھی جائیں گے:چیئرمین پی ٹی آئی
گورنر راج کے خلاف احتجاج کریں گے‘4 کروڑ لوگوں کی حکومت کو گرا کر خیبرپختونخوا کے ساتھ ظلم کیا گیا:محمود خان اچکزئی کی پریس کانفرنس
اسلام آباد‘پشاور (آئی این پی )چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر نے کہا ہے آئین کے مطابق گورنر راج زیادہ سے زیادہ 6 ماہ تک رہ سکتا ہے، لانگ مارچ روکناتھا،روک دیاگیا،اب چیزیں واپس ہونی چاہئیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹرگوہر نے کہا کہ گورنر راج اور ایمرجنسی کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ معاملہ وفاقی آئینی عدالت میں لے بھی جائیں گے۔ گورنرراج ،ایمرجنسی کی بنیاد ہی نہیں،ریلیف ملنا چاہیے‘دریں اثناء تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنمائو ں نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے نہ صرف پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے بلکہ اس کے خلاف احتجاج کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شامل دیگر پارٹیوں کے رہنمائوں کے ہمراہ پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کرنے کا اقدام غیر قانونی اور غیر آئینی ہے جس سے عوامی مینڈیٹ سے منتخب ملک کی واحد حکومت کا خاتمہ کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کہ 2024 کے انتخابات میں بندوق اور پیسے کے زور پر اقتدار پر قبضہ کیا گیا اور پاکستان تحریک انصاف کو انتخابی نشان سے محروم کرنے سمیت اسے اقتدار سے دور رکھنے کیلئے مختلف حربے استعمال کئے گئے۔