پاکستان نے کئی گنا بڑے دشمن کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا، وفاقی وزیر
مردان (یواین پی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ گزشتہ سال دفاعی لحاظ سے پاکستان کے لئے بہت اچھا اور تاریخی سال رہا، پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا، وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم صرف ایک لیپ ٹاپ نہیں بلکہ یہ اپنے نوجوانوں کو ہنر، تعلیم اور روزگار فراہم کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے طلبہ میں وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آج میں پاکستان کے مستقبل یعنی یوتھ سے مخاطب ہوں، نئے سال پر آپ سمیت پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال دفاعی لحاظ سے پاکستان کے لئے بہت اچھا اور تاریخی سال رہا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر قیادت اور وزیراعظم شہباز کی سربراہی میں پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا، اس کامیابی نے ہمارے ملک اور قوم کا سر پوری دنیا میں سربلند کیا، پوری دنیا میں پاکستانیوں کی عزت میں اضافہ ہوا۔