عازمین حج کو گردن توڑ بخار،پولیو اور موسمی انفلوئنزا سے بچائو کی ویکسین لگائی جائے گی،وزارت مذہبی امور
اسلام آباد(آئی این پی )وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ عازمین حج کو سعودی تعلیمات کے مطابق گردن توڑ بخار،پولیو اور موسمی انفلوئنزا سے بچائو کی ویکسین لگائی جائے گی جبکہ 65سال سے زائد پاکستانی عازمین حج کیلئے کورونا ویکسین کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں بدھ کے روزوزارت مذہبی امور میں جوائنٹ سیکرٹری حج سجاد حیدریلدرم کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا جس میں ڈپٹی سیکرٹری حج آپریشن ناصرعزیز، میڈیکل افسرحاجی کیمپ سمیت نیشنل ہیلتھ ریگولیشنزاینڈکوآرڈی نیشن،نیشنل کنٹرول آف لیبارٹری آف بائیولوجیکل،ڈریپ،فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن اور پولی کلینک ہسپتال کے نمائندے شریک ہوئے۔ وزارت مذہبی امورکے طبی ماہرین اورمتعلقہ اداروں کے ساتھ ویکسین کی سٹوریج اور ترسیل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ عازمین حج کی سعودی عرب روانگی سے دس روز قبل متعلقہ حاجی کیمپ سے ویکسی نیشن کی جاسکے۔وزارت مذہبی امورکے ترجمان نے میڈیاکوبتایا کہ ویکسینزکے حوالے سے ایک دومشاورتی اجلاس اور ہونگے جن میں تمام فریقین کے ساتھ مکمل مشاورت کے ساتھ ویکسینز کی خریداری کا فیصلہ کیا جائے گا، پولیو ویکسین اور65 سال سے زائد عمر کے عازمین کیلئے کورونا ویکسین وزارت قومی صحت و خدمات فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پرگردن توڑ بخار اورموسمی نزلہ زکام کی ویکسینزاہم ہیں جو تمام عازمین کوحج پر روانگی سے قبل لگائی جائیں گی۔