خوش آمدید 2025، دنیا بھر میں نئے سال کا جشن ، آتش بازی

سب سے پہلے سکائی ٹاور آکلینڈ اور سڈنی ہاربر پر برق ونورکے نظارے پھوٹے
کراچی ،اسلام آبادسمیت شہرشہر جشن ،لاہور میں سموگ کے باعث آتشبازی پرپابندی
 نئے روشن مستقبل کا آغاز کریں :زرداری ،ترقی وخوشحالی کیلئے دعاگو:شہبازشریف 
 اسلام آباد ،کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)سال 2024کا اختتام ہوگیا اور دنیا بھر نے 2025کی آمد پر بھر پور جشن منایا اور شاندا ر آتش بازی کی گئی۔پاکستان میں گزشتہ روز سہ پہر کے 3بجے تھے جب دنیا میں سال نو کے جشن کا آغاز ہوا ،سب سے پہلے وسطی بحر الکاہل میں واقعی جزائر پر مشتمل ملک کیریباتی اور اس کے سب سے بڑے جزیرے کیریتی ماتی پرنیاسال شروع ہوا ، جس کے بعد نیوزی لینڈ اور پھر آسٹریلیا میں نئے سال کو شایان شان انداز سے خوش آمدید کہاگیا۔آکلینڈ میں 12 بجتے ہی سکائی ٹاور پر برق و نور کے نظارے پھوٹ پڑے ،سڈنی میں ہاربر برج پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ دیکھا گیا۔ دنیا میں سب سے آخر میں پاکستانی وقت کے مطابق کل صبح 4 بجے امریکا کے غیر آباد جزائر بشمول بیکر آئی لینڈز اور ہاوٓلینڈ میں نیا سال شروع ہوگا۔ جنوبی کوریا میں طیارہ حادثے کے باعث سال نو پر سوگ کا سماں رہا اور روایتی جوش وخروش دیکھنے میں نہیں آیا۔ٹوکیو میں نئے سال کا آغاز روایتی انداز سے گھنٹی بجا کر کیا گیا۔بھارت، بنگلہ دیش، ہانگ کانگ، سنگا پور،ملائیشیا اور فلپائن سمیت متعدد ایشائی ممالک میں آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ پاکستان میں رات 12بجتے ہی ملک کے مختلف شہروں میں منچلوں نے جشن منانا اور آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کرنا شروع کردیا۔نئے سال کی آمد پر کراچی اور اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں شاندار آتش بازی کا سلسلہ جاری رہا ۔کراچی میں گورنرہاوٓس میں بھی زبردست آتش بازی کی گئی ، پورٹ گرینڈ میں بھی جشن منایاگیا،کراچی میں گاڑیوں میں سوار افراد نے ہارن بجا کر خوشی کا اظہارکیا۔ شہر روہڑی میں لینس ڈاوٓن برج پرکی جانیوالی آتش بازی دیدنی تھی۔شہر اقتدار اسلام آباد میں ایف ایٹ اور نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں آسمان رنگ ونور سے بھر گیا۔ میوزیکل شو، ہلا گلا، شور شرابا، ہر ایک خوشی خوشی نئے سال کو خوش آمدید کہنے لگا اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی ۔صدرآصف علی زرداری نے سال نو پراپنے پیغام میں کہاکہ پوری قوم کو مبارک ہو،نئے سال پر سب کو مل کر ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کرنا ہوگا۔وزیراعظم شہباز شریف نے نئے سال پر اپنے پیغا م میں کہاکہ پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، میری دعا ہے کہ 2025 کا سورج پاکستان کیلئے ترقی اور خوشحالی کی نوید لے کر طلوع ہو اورہم ایک نئے روشن مستقبل کا آغاز کریں۔دعا گو ہوں کہ معاشی، سیاسی اور امن و امان کے بحرانوں پر قابو پانے کیلئے مثبت پیش رفت ہو۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نئے سال کی آمد پر قوم کو مبارکباد پیش کی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ 2025 پاکستان کیلئے امن، ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہوگا۔انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ نئے سال کا سورج نئی خوشیوں اور امنگوں کے ساتھ طلوع ہو رہا ہے اور ہمیں خود احتسابی اور اپنے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے غور و فکر اور اجتماعی عزم کا اعادہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تمام اہل وطن اور عالمی برادری کو نئے سال کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے اس امید اور عزم کا اظہار کیا ہے کہ آنے والا سال اتحاد، ترقی اور خوشحالی کا سال ہوگا۔پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سال 2025 میں داخل ہوتے ہوئے ہمیں اپنی جدوجہد کا جائزہ لینا چا ہئے ، اپنی کامیابیوں کا جشن منانا اور ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کیلئے اپنے عزم کو تازہ کرنا چاہیے جو اپنے بانی قائدین کے خوابوں کی عکاسی کرے۔ یہ وقت ہے کہ ہم اپنے تعلقات کو مضبوط کریں، اختلافات کو ختم کریں اور انصاف، برابری اور امن کے لیے مل کر کام کریں۔ پاکستان کی خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری سالِ نو کے حوالے سے اپنے پیغام میں عوام سے براہ راست مخاطب ہوئیں اور انہوں نے سوشل میڈٰیا پر اپنے پیغا م میں عوام سے سال ِ نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے گریز کی اپیل کی ہے۔