واشنگٹن (آئی این پی )امریکی کی مشہور کارساز کمپنی فورڈ موٹر کمپنی نے کہا ہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر فلسطین کی حمایت پر ایک پوسٹ کے بعد اکائونٹ ہیک کرلیا گیا ۔غیرملکی خبررساںادارے کی رپورٹ کے مطابق فورڈ موٹر کمپنی نے ایکس پر بیان میں کہا کہ ہمارا ایکس اکائونٹ مختصر وقت کے لیے ہیک کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ اس مختصر وقت میں تین پوسٹس کی گئیں جو فورڈ کی اجازت یا مرضی سے نہیں کی گئی تھیں اور وہ خیالات کا فورڈ موٹر کمپنی کی نمائندگی نہیں کرتے۔کارساز کمپنی نے بتایا کہ فورڈ موٹر اور ایکس دونوں اس واقعے کی تفتیش کر رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق فورڈ کمپنی نے ایکس پر آزاد فلسطین، اسرائیل ایک دہشت گرد ریاست اور تمام نظریں غزہ پر ہیں جیسے پیغامات دیے تھے، جس میں اس وقت غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کی طرف توجہ دلائی گئی تھی۔