روس اور ایران کی حکومتیں مصنوعی ذہانت کااستعمال کرکے جعلی ویڈیوز سے غلط خبریں پھیلا رہی ہیں، امریکی محکمہ خزانہ
واشنگٹن (آئی این پی)امریکا نے رواں برس انتخابات سے قبل غلط معلومات کے ذریعے امریکی ووٹرز کو نشانہ بنانے پر دو ایرانی اور روسی اداروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ کے حکام نے پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ دونوں اداروں نے نومبر کے انتخابات سے قبل امریکیوں میں اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کی۔ امریکی خفیہ اداروں نے دونوں حکومتوں پر یہ الزام عائد کیا کہ وہ جعلی ویڈیوز، خبروں اور سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے غلط معلومات پھیلا رہی ہیں۔ یہ ووٹرز پر اثر انداز ہونے اور امریکی انتخابات پر اعتماد کو نقصان پہنچانے کے لیے ڈیزائن کی گئی تھیں۔ حکام نے کہا ہے کہ ماسکو میں موجود روسی ادارہ سینٹر فار جیو پولیٹکل ایکسپرٹیز نے امریکی امیدواروں کے بارے غلط معلومات پھیلائیں اور مالی معاونت کی۔ ان میں مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے بنائی گئی ڈیپ فیک ویڈیوز بھی شامل تھیں۔