مری میں نئے سال کا جشن منانیوالے سیاحوں پر پولیس کا لاٹھی چارج

 کراچی اور حیدر آباد کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ ،40افراد زخمی،درجنوں گرفتار

کراچی؍لاہور (آئی این پی )نئے سال کی آمد پر کراچی،لاہور، اسلام آباد، روہڑی سمیت مختلف شہروں میں شاندار آتش بازی اور ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں سال نوپر ہوائی فائرنگ سے 2خواتین سمیت29 افراد زخمی ہوگئے۔جبکہ حیدر آباد میں بھی 11افراد زخمی ہوئے،درجنوں افراد کو گرفتار بھی کرلیا گیا۔حیدر آباد میں نئے سال کے آغاز کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے متعدد واقعات میں ایک بچے اور چار خواتین سمیت گیارہ افراد زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔ادھر کراچی اور لاہور میں سال نو پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں کو پکڑنے کیلئے پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 40 ملزمان کو گرفتار کرلیا، اسلحہ برآمد کرکے مقدمات درج کرلیے۔ نئے سال کا جشن منانے کیلئے مری میں سیاحوں کا سیلاب امڈ آیا اور مال روڈ پر تل دھرنے کو جگہ نہ رہی۔ پولیس کی جانب سے سیاحوں پر متعدد بار لاٹھی چارج کیا گیا، بھگدڑ سے سیاحوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔لاٹھی چارج اور بھگدڑ سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔مری میں نئے سال پر آتش بازی بھی گئی، جبکہ مری میں دفعہ ایک سو چوالیس بھی نافذ ہے۔