پنجاب :تمام 43جیلوں میں فری لیگل ایڈ کمیٹیاں آپریشنل

نادار اسیران جو مقدمات کی پیروی کیلئے وکیل کا انتظام نہیں کر سکتے انہیں فری لیگل ایڈ ملے گی،محکمہ داخلہ پنجاب
 لاہور(کرائم رپورٹر )پنجاب میں اب کوئی غریب قیدی وکیل کی سہولت سے محروم نہیں رہے گا، محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے کی تمام 43جیلوں میں فری لیگل ایڈ کمیٹیاں آپریشنل کردی ہیں۔نادار اسیران جو مقدمات کی پیروی کیلئے وکیل کا انتظام نہیں کر سکتے انہیں فری لیگل ایڈ مل رہی ہے۔ یہ فری لیگل ایڈ کمیٹیاں پنجاب بار کونسل اور ضلعی بار ایسوسی ایشنز کے اشتراک سے تشکیل دی گئی ہیں۔محکمہ داخلہ نے اسیران کو فری لیگل ایڈ فراہم کرنے کے قواعد و ضوابط بھی جاری کیے، ہر جیل میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جوڈیشل ایسے اسیران کا تعین کرے گا، منگل کے روز بیرکوں میں فری لیگل ایڈ سروس کے بارے میں باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔بدھ کے روز نادار اسیران کی فہرست متعلقہ ضلع کی فری لیگل ایڈ کمیٹی کو بھجوادی گئی ۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ان نادار اسیران کی اپنے وکیلوں سے ملاقات کا اہتمام کرے گا، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ یقینی بنائے گا کہ فہرست میں دیے گئے قیدیوں کو مفت وکیل کی سہولت دستیاب ہے۔وکلا ء کی عدم دستیابی پر متعلقہ ڈی آئی ریجن کے ذریعے آئی جی جیل خانہ جات کو مطلع کیا جائے گا، آئی جی جیل خانہ جات پنجاب بار کونسل کی مدد سے وکلا کی فوری دستیابی یقینی بنائیں گے۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ہر ماہ کی 5تاریخ تک گذشتہ مہینے کا فری لیگل ایڈ ریکارڈ آئی جی آفس بھجوائے گا، آئی جی جیل خانہ جات ہر ماہ کی 10تاریخ تک محکمہ داخلہ کو صوبہ بھر کی حتمی رپورٹ بھجوائیں گے، ہر ماہ رپورٹ کیا جائے گا کہ کتنے اسیران کو فہرست کے مطابق فری لیگل ایڈ سروس ملی۔جن اسیران کو فری لیگل ایڈ نہیں مل سکی اس کی وجوہات بیان کی جائیں گی۔سیکرٹری داخلہ پنجاب نے آئی جی جیل خانہ جات کو قواعد و ضوابط پرعملدرآمد کی ہدایت کر دی ہے۔