انسپکٹر عبدالستار اور ایس ایچ او سب انسپکٹر عثمان نے کمین گاہ پر چھاپہ مارا تو ڈاکوئوں نے فائرنگ کردی
لاہور (کرائم رپورٹر)سی سی ڈی پنجاب کے دو افسران بھکر کے علاقے کلورکوٹ میں ایک خطرناک پولیس مقابلے کے دوران شدید زخمی ہو گئے۔ ترجمان سی سی ڈی کے مطابق افسران کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال بھکر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز ان کی جان بچانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ سی سی ڈی انسپکٹر عبدالستار اور ایس ایچ او سب انسپکٹر عثمان بدنامِ زمانہ ڈاکو اور قتل کے مقدمات میں مطلوب مفرور اشتہاری افتخار عرف کھٹکی کی گرفتاری کے لیے اس کی کمین گاہ پر چھاپہ مارنے گئے تھے۔ ریڈنگ ٹیم کو دیکھتے ہی ملزمان نے جدید اور خودکار (آٹومیٹک) ہتھیاروں سے سی سی ڈی ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ او بھکر انسپکٹر عثمان اور سرکل افیسر انسپکٹر عبدالستار شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم سی سی ڈی کی اضافی نفری نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ترجمان سی سی ڈی کے مطابق شہریوں کی بڑی تعداد زخمی افسران کے لیے خون کا عطیہ دینے ڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچ گئی، جبکہ سی سی ڈی کے افسران اور جوان بھی خون کے عطیات کے لیے ہسپتال میں موجود ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ سی سی ڈی کی دیگر ٹیمیں مفرور اور خطرناک ملزمان کا مسلسل تعاقب کر رہی ہیں۔ قانون شکن عناصر کی سرکوبی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور مفرور ملزمان کو ہر قیمت پر گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔