کوئی موٹرسائیکل بغیر سیفٹی راڈ سڑک پر نہ آ ئے:بلال صدیق

 چھتوں پر گنجائش سے زائد افراد کی اجازت نہیں ہو گی: سی سی پی او کا خطاب
ہلڑ بازی پر فوری کارروائی،مانیٹرنگ کیلئے پولیس ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایات 
لاہور(کرائم رپورٹر) سی سی پی اولاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر ِ صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں بسنت کے پْرا من انعقاد سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں بسنت کے محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے مختلف امور کاتفصیلی جائزہ لیا گیاسی سی پی او لاہورنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بسنت کے لیے مختص چھتوں کے مالکان سے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے شورٹی بانڈز لینے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ چھتوں پر گنجائش سے زائد افراد کی اجازت نہیں ہو گی۔سی سی پی او لاہوربلال صدیق کمیانہ نے پولیس افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب ریگولیشن آف کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 ء پر مکمل عملدرآمد سے محفوظ اور پْرامن بسنت کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بسنت کے پْرامن انعقاد تک کوئی موٹر بائیک سیفٹی راڈ کے بغیرروڈ پر نہیں آنی چاہئے۔سی سی پی او لاہورنے بسنت کے دوران ہیومن انٹیلی جنس اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مانیٹرنگ کے لیے پولیس ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش پر زیرو ٹالرنس ہے، خلاف ورزی پر بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ہلڑ بازی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ پنجاب ساؤنڈ سسٹم ایکٹ 2015ء کی خلاف ورزی پرقانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ غیر قانونی پتنگ بازی اور دھاتی ڈور کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ثقافتی سرگرمیوں کے دوران مذہبی، سماجی و اخلاقی اقدار کا احترام لازم ہے۔