قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف کل دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے

قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف کل دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے

وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف کل دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔

وزارتِ خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق صدر قاسم جومارت توقایف 3 اور 4 فروری 2026ء کو پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ کریں گے۔ ان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا، جس میں کابینہ کے سینئر وزرا اور اعلیٰ حکام شامل ہوں گے۔دورے کے دوران قازقستان کے صدر صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ بھی تفصیلی ملاقات متوقع ہے۔ اس کے علاوہ مہمان صدر پاکستان–قازقستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے۔

یہ دورہ دونوں ممالک کو دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لینے اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کا موقع فراہم کرے گا، خصوصاً تجارت، لاجسٹکس، علاقائی روابط اور عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ کے شعبوں میں پیش رفت پر بات چیت کی جائے گی۔اس کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی فورمز پر باہمی تعاون سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔