بھکر، اشتہاری ملزم کی گرفتار کے دوران فائرنگ کا تبادلہ، 7 سالہ بچی جاں بحق اہلکار زخمی

 لیہ میں سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکار کی گھر پر چھاپے کے دوران فائرنگ میںنوجوان جاں بحق ،ڈی پی او کا نوٹس، اہلکار گرفتار
لاہور(آئی این پی )صوبہ پنجاب کے ضلع بھکر میں اشتہاری ملزم کی گرفتار کے دوران فائرنگ کے تبادلے سے 7 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی جبکہ لیہ میں سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکار کی جانب سے ایک گھر پر چھاپے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔پولیس کے مطابق بھکر کے علاقے منگو چنگڑ میں اشتہاری ملزم کی گرفتار کے لئے سی سی ڈی نے گھر پر چھاپا مارا۔پولیس نے بتایا کہ چھاپے کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 7 سالہ بچی جاں بحق اور پولیس اہلکارزخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق اسی دوران ملزم فرار ہوگیا، جسے گرفتار کرنے کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔پولیس نے مزید بتایا کہ اشتہاری ملزم اقدام قتل کے مقدمے میں مطلوب ہے۔دوسری جانب پنجاب کے شہر لیہ میں سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکار کی جانب سے ایک گھر پر چھاپے کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔عینی شاہدین کے مطابق چھاپے کے دوران 20 سالہ نوجوان نوید اکرم نے موبائل فون سے ویڈیو بنانے کی کوشش کی، جس پر سب انسپکٹر نے مبینہ طور پر طیش میں آ کر فائرنگ کر دی۔واقعے کے بعد اہلِ علاقہ نے سب انسپکٹر سجاد بشیر اور اہلکار محمد رضا کو قابو میں لے لیا، تاہم، اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور دونوں اہلکاروں کو چھڑا کر لے گئی۔جاں بحق نوجوان کے ورثا نے پولیس اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے فوری طور پر نوکری سے برخاست اور قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ بعدازاں ڈی پی او حسن جاوید کے نوٹس پرسب انسپکٹر اور رضا کار کو گرفتار کر لیا گیا، مقتول کے والد محمد اکرم کی مدعیت میں اقدام قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔پولیس ترجمان نے کہا کہ قانون سے کوئی بالا تر نہیں ، ورثا کو انصاف فراہم کیا جائے گا، واقعہ گزشتہ رات جمن شاہ کے چک نمبر 149 سی ٹی ڈی اے میں پیش آیا۔